اداکارہ طوبیٰ انور کی نامناسب پیغامات ملنے کی شکایت

کراچی: میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی سابقہ اہلیہ و اداکارہ طوبیٰ انور نے انکشاف کیا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے ان کا موبائل نمبر لیک کردیا، جس کے بعد انہیں انجان نمبروں سے نامناسب اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
طوبیٰ انور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں انکشاف کیا کہ ان کا موبائل نمبر کافی دن پہلے کسی شخص نے لیک کردیا تھا اور انہیں متعدد نئے نمبروں سے مسلسل بے شمار نامناسب اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ نامناسب اور توہین آمیز زبان پر مشتمل پیغامات کے بعد خود کو بے بس اور بیمار محسوس کررہی ہیں۔
طوبیٰ انور نے بتایا کہ پیغامات میں استعمال کی گئی زبان اس قدر غلیظ اور نامناسب ہے کہ وہ ان کے اسکرین شاٹ بھی شیئر نہیں کرسکتیں۔

طوبیٰ نے لکھا کہ وہ متعدد ماہ سے مذکورہ عمل کو برداشت کررہی ہیں اور ان کا نمبر لیک کرنا کسی بھی ذاتی شخصیت کی نجی زندگی کے خلاف ہے اور یہ عمل انتہائی بے ہودہ اور دوسروں کو تکلیف میں مبتلا کرنے والا ہے۔
اداکارہ طوبیٰ انور نے لکھا کہ انہیں شک ہے کہ انہیں جن متعدد انجان نمبروں سے نفرت انگیز اور نامناسب پیغامات بھیجے جارہے ہیں، ان میں سے کچھ نمبرز کے حامل افراد مسلسل ان کی نگرانی کررہے ہیں اور وہ کبھی بھی انہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
دھیان رہے کہ طوبیٰ انور نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت سے 2018 کے وسط میں خفیہ شادی کی تھی، جس کا عامر لیاقت نے 2020 میں اعتراف کیا اور دونوں کے درمیان 2021 کے اختتام تک اختلافات کی خبریں سامنے آئیں اور فروری 2022 میں طوبٰی انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔