بہادر خاتون نے وہیل کو موت کے منہ سے بچالیا

میڈرڈ: اسپین سے تعلق رکھنے والی غوطہ خور اور بحری حیاتیات کی ماہر خاتون نے اپنی سالگرہ کے روز جال میں الجھی وھیل کو بچایا جسے وہ اپنی سالگرہ کا بہترین تحفہ ٹھہرا رہی ہیں۔
آبی حیاتیات کی ماہر 32 سالہ گائگی ٹوراس نے جال میں پھنسی وھیل کو بچایا، جس کی موت یقینی تھی۔ یہ ایک 12 میٹر طویل ہمپ بیک وھیل تھی جو پلاسٹک کے ایک بڑے جال میں الجھی ہوئی تھی۔
بے زبان وھیل اسپین کے شہر مالورکا کے بیلیرک جزیرے کے پاس دکھائی دی تھی جس کی پیٹھ پر پلاسٹ کی نیلی موٹی تاریں نمایاں تھیں۔ سخت محنت کے بعد گائگی نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر وھیل کو اس مشکل سے نجات دلوائی اور اسے اپنی سالگرہ کا سب سے یادگار موقع قرار دیا۔
جب ساحل سے لگ بھگ پانچ کلومیٹر دُور پہلی مرتبہ وھیل کو جال میں الجھے دیکھا گیا تو وہ پہلے ہی بہت کمزور ہوچکی تھی اور آہستگی سے تیر رہی تھی۔ اسے دیکھ کر پاما ڈی مالورکا مچھلی گھر کے عملے نے اسے فوری بچانے کا فیصلہ کیا۔ جب وہ اپنے ساتھی کے ساتھ تیر کر اس کے قریب پہنچے تو وھیل مکمل طور پر جال میں پھنس چکی تھی یہاں تک کہ وہ اپنا منہ کھولنے سے بھی قاصر تھی۔
جال کاٹنے کے لیے اضافی نفری بلائی گئی اور 45 منٹ کی مسلسل کوشش کے بعد وھیل کو تکلیف دہ چنگل سے نجات دلادی گئی۔ گائگی نے بتایا کہ پہلے دس سیکنڈ تک وہ بہت پریشان تھیں کیونکہ ہر جگہ وھیل کے بلبلے تھے اور وہ سمجھی کہ شاید وھیل مدد کے لیے بلارہی ہے۔ پہلے اس نے وھیل کو پیار کیا اور مدد کا یقین دلایا جس سے وھیل ساکت ہوگئی.
رفتہ رفتہ جال کی رسیاں کٹتی گئیں تو ایک موقع پر وھیل نے ہل کر خود کو اس چنگل سے آزاد کروالیا۔ جال سے آزاد ہونے کے بعد وھیل تھوڑی ہی دیر میں سمندر کی وسعتوں میں گم ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔