بیٹے کی آن لائن گیمنگ باپ پر بھاری، 39 لاکھ ڈوب گئے

نئی دہلی: بیٹے کی آن لائن گیمنگ باپ پر بھاری پڑگئی، بھارتی فوج کے ریٹائر اہلکار کے بیٹے کی آن لائن گیم کھیلنے کی عادت کے باعث والد کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ (بھارتی کرنسی) روپے لٹ گئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آگرہ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ فوجی کے بیٹے کو آن لائن گیم کی عادت تھی جس کے باعث فوجی کا اکاؤنٹ خالی ہوگیا۔
بیٹا والد کے موبائل فون پر آن لائن گیم کھیل رہا تھا کہ اچانک فوجی کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ بھارتی روپے نکل گئے، جب ریٹائرڈ فوجی کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے سائبر کرائم میں شکایت درج کرائی۔
ریٹائرڈ فوجی نے پولیس کے سائبر کرائم ونگ کو بتایا کہ اکاؤنٹ سے رقم کیسے منتقل ہوئی اس کا کچھ علم نہیں اور نہ ہی کوئی میسج موصول ہوا اور ہم نے کوئی ایپ بھی ڈاؤن لوڈ نہیں کی تھی۔
سائبر کرائم ونگ نے فوجی کی شکایت پر کارروائی کی اور فوجی کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی نکالیں، جس سے پتا چلا کہ متاثرہ شخص کے اکاؤنٹ سے پہلے رقم پے ٹی ایم سے کوڈا پیمنٹ میں گئی، بعدازاں سنگاپور کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ بینک اکاؤنٹ کرافٹن کمپنی کا ہے جو ’بیٹل گراؤنڈ آن لائن انڈیا‘ کے نام سے ایک آن لائن گیم چلاتی ہے۔
کمپنی کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کیں تو پتا چلا کہ گیم میں ہتھیار اور دیگر خصوصیات حاصل کرنے کےلیے رقم ادا کرنی پڑتی ہے اور گیم آٹو پیمنٹ موڈ پر تھا جس کے باعث فوجی کا بیٹا گیم کھیلنے کے دوران چیزیں خریدتا رہا، یوں اُس کے باپ کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ روپے رقم خرچ ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔