کورونا وائرس، صوبۂ سندھ میں نئی پابندیوں کا نفاذ!

کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر نئی پابندیوں کا اطلاق کردیا گیا۔
صوبائی محکمۂ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 15 مارچ سے 15 اپریل تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام کاروباری مراکز آج رات سے 10 بجے بند کرنا ہوں گے تاہم میڈیکل اسٹور، کلینکس، اسپتال، پٹرول پمپس، بیکریاں، ملک شاپس اور ریسٹورنٹس کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کو بلایا جائے گا اور ورک فرام ہوم پرعمل کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تفریحی پارکس کو شام 6 بجے بند کردیا جائے گا، ریسٹورینٹس کے اندر کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم ریسٹورنٹس سے ہوم ڈلیوری اور کھانا گھر لے جانے کی سہولت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے اور کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہ پر تقریب میں 300 افراد تک بلائے جاسکتے ہیں جب کہ شادی ہالز میں بوفے کھانا کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کورونا کیسز بڑھنے پر ڈپٹی کمشنرز کسی بھی مخصوص علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے بعد مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کیا گیا اور تعلیمی ادارے بھی دو ہفتوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔