سندھ، بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی پی نے میدان مار لیا

کراچی: سندھ کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی نے صوبے کے چار ڈویژنز کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے میدان مار لیا ہے۔
شہری علاقوں کی میونسپل کمیٹیوں میں اب تک کل 354 میں سے 309 نشستوں کے نتائج سامنے آچکے، جن میں پیپلز پارٹی 244 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے بعد جی ڈی اے 22، آزاد امیدوار 20، پاکستان تحریک انصاف 14 ، جے یو آئی ف 7 جب کہ دیگر جماعتوں نے 2 نشستیں جیتیں۔
ادھر سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، میرپورخاص اور سانگھڑ سمیت 14 اضلاع کی ٹاؤن کمیٹیوں میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی جہاں 694 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی نے اب تک 426 نشستیں جیت لی ہیں۔
جی ڈی اے 65، آزاد امیدوار 62 اور تحریک انصاف صرف 10 نشستیں لے سکی جب کہ جے یو آئی ف 8 اور دیگر جماعتوں نے 12 نشستیں جیتیں۔
پیپلز پارٹی نے ٹاؤن کمیٹی نواب شاہ کی56 میں سے 36 نشستیں جیت لیں تاہم ایم کیو ایم نواب شاہ کے شہری علاقے سے کوئی نشست نہ جیت سکی۔
ٹاؤن کمیٹی میرپور خاص کی 69 میں سے 68 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے۔
نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 53 نشستیں اپنے نام کر کے واضح برتری حاصل کرلی جب کہ 7 نشستیں جیت کر آزاد امیدوار دوسرے اور 4 نشستیں جیت کر ایم کیو ایم تیسرے نمبرپر رہی۔
ٹاؤن کمیٹی سانگھڑ میں اب تک 67 میں سے 45 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے 32 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں جب کہ سانگھڑ میں واضح اثر رکھنے والی جی ڈی اے اب تک صرف 8 نشستیں جیت سکی ہے۔
پیپلز پارٹی نے ٹاؤن کمیٹی کشمور میں بھی شاندارفتح حاصل کی جہاں اب تک 39 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے پی پی نے 32 نشستیں جیت لیں۔
ٹاؤن کمیٹی سکھر کی تمام 17 نشستوں کے نتائج آ گئے جس میں پیپلز پارٹی 11 ، آزاد امیدوار 3 اور پی ٹی آئی نے 2 نشستوں پر کامیابی سمیٹی جب کہ جی ڈی اے ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
نوشہروفیروز کی کل 82 میں سے 75 نشستوں کے نتائج آ گئے جن میں سے 57 نشستیں پیپلز پارٹی نے حاصل کیں جب کہ آزاد امیدوار 13، مسلم لیگ (ن)، جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور دیگر نے ایک، ایک نشست لی۔
ٹاؤن کمیٹی شکارپور کی 32 میں سے 28 نشستوں کے نتائج آ گئے ، یہاں بھی پیپلز پارٹی 14 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی، جی ڈی اے 4 اور جے یو آئی ف 3 نشستیں حاصل کرسکی ہیں۔
ٹاؤن کمیٹی قمبرشہدادکوٹ کی کل46 میں سے36 نشستوں کے نتائج آ گئے جن میں سے 26 نشستیں پیپلز پارٹی، 9 آزاد امیدوار اور جے یو آئی ف ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
ٹاؤن کمیٹی تھرپارکر کی تمام 26نشستوں کے نتائج آ گئے ان میں سے19نشستوں پر پیپلز پارٹی، 4 پر آزاد امیدوار اور 3 پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔
ٹاؤن کمیٹی عمرکوٹ کی تمام 36 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے جس کے مطابق ان میں سے 28 نشستیں پیپلز پارٹی، جی ڈی اے 6 اور جے یو آئی ف ایک نشست پر کامیاب ہوسکی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔