عمرشریف کیلیے ایئر ایمبولینس پاکستان آنے کی اجازت، سندھ کا وفاق کو خط
کراچی: محکمہ صحت سندھ نے کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے لیے ایئرایمبولینس سے متعلق وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔
عمر شریف کے لیے ایئرایمبولینس کے معاملات جلد مکمل کرنے کے لیے محکمہ صحت سندھ نے وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔ خط کے متن کے مطابق وفاق کو کہا گیا ہے کہ ایئرایمبولینس کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے، اہل خانہ کے کہنے پر متعلقہ ایئر ایمبولینس کے لیے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔
وفاقی وزارت خزانہ اس سلسلے میں ایک لاکھ 69 ہزار 800 امریکی ڈالر فارن ایکسچینج بجٹ جاری کرے، متعلقہ فارن ایکسچینج بجٹ کی رقم محکمہ صحت وفاقی وزارت خزانہ کو فراہم کرے گی۔
متعلقہ ایئرایمولینس کا دفتر پاکستان میں نہ ہونے کے باعث صوبائی حکومت نے وفاق سے درخواست کی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ فضائی حدود اورایوی ایشن کا معاملہ وفاق کے دائرہ کار میں آتا ہے، اس لیے ایئرایمبولنس کے لیے معاملات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
خیال رہے کہ ایئرایمبولینس کی آمد سے قبل جناح ٹرمینل پر لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت باقاعدہ طور پر سی اے اے حکام سے پیشگی لی جائے گی جب کہ کراچی سے امریکا کے درمیان 18 گھنٹے کی پرواز کے بیرون ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر ری فیولنگ کا شیڈول بھی طے کیا جائے گا۔
میڈیکل پرواز کے ہمراہ ان کا بیٹا جواد عمر شریف اور خاندان کا ایک اور فرد بھی روانہ ہوگا۔ عمر شریف کا علاج امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں ہوگا۔