بلاول بچہ تھوڑا کچا، مریم شہباز کو بھی پھنسانے جارہی ہیں، شیخ رشید

راولپنڈی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مشکل پڑنے پر کوئی بھی بڑا فیصلہ کرسکتے ہیں، لیکن نیب زدہ لوگوں کو این آر او کبھی نہیں دیں گے۔
راولپنڈی کینٹ میں پہلے پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی افتتاحی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن سے حکومت مخالف جدوجہد میں درمیان میں تنہا چھوڑ کر نہ جانے کا تحریری معاہدہ مانگ رہے ہیں، لیکن اول تو اپوزیشن رہنما معاہدے کے لیے آئیں گے نہیں اور اگر آبھی گئے تو پھر چھوڑ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بچہ ہے تھوڑا کچا ہے اس کو رہنے دیں، نیب زدہ لوگ این آر آو کے لیے زیادہ بول رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان این آر او کبھی نہیں دیں گے۔
سعودی عرب مسئلے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں، چھوٹی موٹی ٹک ٹک لگی رہتی ہے، آرمی چیف کے جانے کے بعد وہ بھی ٹھیک ہوگئی ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ مریم نواز شہباز شریف کو بھی پھنسانے جارہی ہیں، شہباز شریف تاش کی بازی سجاتے ہیں اور مریم نواز اس کو بکھیر دیتی ہیں، اصل میں مریم نواز نے پتھر نیب پر نہیں بلکہ شہباز شریف کی سیاست پر برسائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کو اشتہاری قرار دلوانے اور واپس وطن لانے کے لیے عدالت جائے گی، نواز شریف نے اسی لیے عدالت سے درخواست واپس لی کہ انہیں احساس ہوگیا تھا کہ فیصلہ کچھ بھی آسکتا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آٹا چینی کے ذخیرہ اندوزوں کی تباہی شروع ہونے والی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہی رہیں گے انہیں کچھ نہیں ہورہا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔