آزاد کشمیر انتخابات، کل لال حویلی سے پی ٹی آئی کی جیت کا اعلان کروں گا: شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف نے آزاد کشمیر انتخابات سے پہلے ہی رونا دھونا شروع کردیا، مریم نواز کی سیاست کو اس کی زبان تباہ کردے گی، نواز شریف سے ‘را’ کے ایجنٹ مل رہے ہیں، لیگی قائد نے آج غیر ذمے دارانہ گفتگو کی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ہار تسلیم نہ کرنے کی قسم کھائی ہے، کل لال حویلی سے پی ٹی آئی کی جیت کا اعلان کروں گا، عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے، داسو اور بھاشاڈیم ملکی معیشت کا نقشہ بدل دیں گے، میرا بس چلے تو کرپٹ لوگوں کے لیے چین کا قانون لاؤں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس آئیں، ہر طرح کی سیکیورٹی فراہم کریں گے، یہ اب کیوں واویلا کررہے ہیں؟ نواز شریف اور ان کے خاندان نے قومی خزانہ لوٹا، سوشل میڈیا سے معلوم ہوا نواز شریف نے را کے ایجنٹ سے ملاقات کی، نواز شریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ان کا پارٹی میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں دیکھ رہا، شہباز شریف سیاست کے میدان سے لاپتا ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کا کیس اغوا کا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جو زبان استعمال کی اس سے کشمیریوں کے دل دکھے، نواز شریف اور مریم نواز اپنی زبان کے ہاتھوں مار کھائیں گے، فضل الرحمان کی کارکردگی کشمیر کے معاملے پر ناقص رہی، پاک فوج ملک کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر موجود ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔