شادی کے لیے والدین کی پسند سب سے بہتر ہے، شاہد آفریدی

کراچی: سابق کپتان اور اسٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے خود والدین سے کہا کہ ان کی شادی جلدی کردیں۔
شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں آنے والی اچھی تبدیلی ہمیشہ اچھی رہتی ہے، کسی بھی انسان کی زندگی ہمیشہ ایک سی نہیں رہتی، 16 سال کی عمر اور 25 سال کی عمر میں زندگی میں فرق آجاتا ہے، اگر میں آج 25 سال والی حرکتیں کروں تو وہ اچھا بھی نہیں لگے گا نہ مجھ پر سوٹ کریں گی۔
شاہد آفریدی نے اپنی شادی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا تھا میری شادی جلدی ہوجائے تاکہ زندگی کا نظم و ضبط بن جائے، میں نے خود والدین سے کہا تھا کہ وہ میرے لیے لڑکی دیکھنا شروع کردیں کیوں کہ میرا خیال ہے شادی کے لیے والدین کی پسند سب سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 سے 24 سال کی عمر تک ہم خود کو عقل مند اور سامنے والے کو بے وقوف سمجھتے ہیں لیکن درحقیقت بڑے بڑے ہی ہوتے ہیں، وہ ڈگریوں سے نہیں زندگی کے تجربے سے بڑے بنتے ہیں اور یہ تجربہ کئی ڈگریوں سے بڑھ کر ہے۔
انہوں نے مزید کہا میں نے سوچا تھا کہ اگر والدین کا فیصلہ بہتر نہیں ہوا تو دوسری شادی کرلیں گے لیکن الحمدللہ میں بہت خوش ہوں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔