روس میں پٹرول پمپ پر آتش زدگی، 27 افراد جھلس کر ہلاک

ماسکو: روس کے ایک پٹرول پمپ پر آگ لگنے سے 27 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق واقعہ روس کے جنوبی علاقے داغستان میں پیش آیا جہاں پٹرول پمپ پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں اب تک 27 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق داغستان کے دارالحکومت مکھا چھکالا میں مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے پٹرول پمپ پر زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ اب تک دھماکے کی وجوہ سامنے نہیں آسکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پمپ پر دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں جب کہ شدید زخمیوں کو ایئر کرافٹ کے ذریعے ماسکو منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے بعد لگنے والی آگ نے قریباً 600 اسکوائر میٹر کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ پر آگ پمپ کے عقب میں کھڑی کار میں دھماکے کے بعد لگی، جس کے بعد ہر طرف آگ اور دھواں تھا۔
روسی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ کے قریب کھڑی گاڑی کی مرمت کے دوران اس میں دھماکا ہوا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔