شہباز شریف اور کلثوم نواز کے خلاف ایف بی آر کی اپیلیں خارج

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے کلثوم نواز اور شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیلیں خارج کردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ سے شریف خاندان کو بڑا ریلیف مل گیا اور عدالت عظمیٰ نے نواز کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیلیں خارج کردیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کلثوم نواز اور شہباز شریف نے 1994 سے 1998 تک ویلتھ ٹیکس جمع کرایا، ایف بی آر نے اضافی ویلتھ ٹیکس کے لیے نوٹس جاری کیے تھے، اضافی ویلتھ ٹیکس کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کا دیا جانا ضروری ہے، لیکن ایف بی آر کلثوم نواز اور شہباز شریف کو ڈیمانڈ نوٹس بھجوانا ثابت نہ کرسکا، اضافی واجبات کے نوٹس بھی ویلتھ ٹیکس جمع کرانے کے بعد بھیجے گئے۔
خیال رہے کہ شریف خاندان نے ایف بی آر نوٹس لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیے تھے، لاہور ہائی کورٹ نے ایف بی آر کے اضافی ٹیکس نوٹس کالعدم قرار دیے، جس پر ایف بی آر نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔