خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 خوارج جہنم واصل
راولپنڈی: خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی میں ملوث فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اگست کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں، پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے ضلع اعظم ورسک کے علاقے میں کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا، جس کے جواب میں پاک فوج کی مؤثر کارروائی میں 8 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی میں ضلع دیر میں 2 خوارج ہلاک کیے گئے، خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود برآمد کیا گیا ہے، خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وژن "عزم استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کامیاب کارروائیوں اور 10 خوارج ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، حکومت اور قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔