بعد از زچگی ڈپریشن سے بچاؤ، شوہر بیوی کو محبت اور وقت دیں: روبینہ اشرف
کراچی: پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی سینئر اداکارہ و فلم ساز روبینہ اشرف نے پریگننسی کے بعد ہونے والے ڈپریشن (پوسٹ پارٹم ڈیپریشن) سے متعلق اپنے نظریات کا اظہار کیا۔
روبینہ اشرف حال ہی میں گڈ مارننگ پاکستان میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے خواتین کی ذہنی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماضی میں معاشرے میں حمل اور زچگی کے بعد ہونے والی ذہنی کیفیت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا اور یہ سمجھا جاتا تھا کہ بچے کو جنم دینا ہر عورت کی ذمے داری ہے، چاہے وہ اس مرحلے سے کس قدر مشکل حالات میں گزر رہی ہو۔‘‘
اداکارہ نے کہا کہ ’’حمل کے دوران عورت کی جلد، جسم اور مجموعی جسمانی کیفیت میں بڑی تبدیلیاں آتی ہیں جس کے باعث وہ خوشی کے ساتھ ساتھ شدید بے چینی اور ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہوسکتی ہے۔ اگر اس دوران خاتون کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو وہ شدید ڈپریشن میں جاسکتی ہے۔‘‘
روبینہ اشرف نے مزید کہا کہ ’’حمل سے لے کر زچگی کے بعد تک شوہر کی محبت، تعاون اور ہمدردی عورت کے لیے بے حد ضروری ہوتی ہے، کیونکہ اس مرحلے میں متعدد ذمے داریوں کو سنبھالنا اس کے لیے انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔‘‘