سعودیہ کا 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید توسیع کا فیصلہ
اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید توسیع کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کے لیے توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہوگی۔
3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں توسیع دسمبر 2023ء تک کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال بھی نہیں کیا جاسکے گا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے گفتگو میں بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ ایک سالہ توسیع کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ وزیر مملکت کے مطابق سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کا اُدھار تیل بھی فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب سے 10 ماہ میں 1 ارب ڈالر کا مؤخر ادائیگیوں پر تیل ملے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آج ہی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی ولی عہد نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی جب کہ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دورۂ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔