سجل علی نے عرب ایوارڈ جیت لیا

ابوظبی: رواں سال کا چوتھا سالانہ ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) پاکستانی اداکارہ سجل علی نے اپنے نام کرنے کا اعزاز پالیا۔
ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور رواں سال فیسٹیول کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد یو اے ای کی ریاست دبئی کے دی پوائنٹ جمیرہ میں ہوا۔
سالانہ ڈیفا ایوارڈز بین الاقوامی اور عرب شخصیات کو ان کی کامیابیوں اور معاشرے کی بہتری کے لیے تعاون کرنے پر انہیں اعزاز کے طور پر دیا جاتا ہے۔
سجل علی کو ان کی شاندار اداکاری کی بنیاد پر ڈیفا ایوارڈ سے نوازا گیا، جو پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے لیے باعث فخر ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ ایوارڈ ناصرف ایک فنکار کی حیثیت سے میرے لیے بہت خاص ہے بلکہ یہ میرے قابل فخر پاکستانی ہونے کی حیثیت سے بھی خاص ہے۔
سجل علی کی ایوارڈ وصول کرتے وقت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایوارڈ وصول کرتے وقت اپنے مداحوں کا شکر بھی ادا کررہی ہیں۔
عرب ایوارڈ حاصل کرنے پر اداکارہ سجل علی کو ساتھی اداکار اور اداکاراؤں سمیت مداحوں کی جانب سے خوب داد دی جارہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔