توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد، عمران کی نااہلی برقرار

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد ہوگئی، جس کے باعث عمران خان کی نااہلی برقرار ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس کا سیشن کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنادیا، جس کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات ختم ہوگئے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظرثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں۔ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ سزا معطل ہوسکتی ہے فیصلہ نہیں۔ سپریم کورٹ واضح کرچکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔ بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا نہیں کی تھی۔
خیال رہے کہ توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل ہے جب کہ سزا کالعدم قرار دینے کے صورت میں الیکشن میں حصہ لیا جاسکتا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظرثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں ہے۔ سزا معطل کرنے سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔