وسط رمضان سے کراچی میں کاروباری اوقات میں نرمی کا امکان

کراچی: رمضان المبارک اور عید سیل سیزن کے دوران کورونا پابندیاں نرم کرنے کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس میں برسراقتدار بی ایم جی کے سربراہ اور حکومت سندھ کے درمیان منگل کو ابتدائی مذاکرات میں متعدد امور پر اتفاق ہوگیا۔
ماہ صیام کے دوسرے عشرے سے شہر بھر کے تجارتی مراکز میں کاروبار میں نرمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ شہر کے اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کاروباری اوقات و ایام بڑھانے اور پابندیوں میں نرمی کے لیے کراچی چیمبر پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا تھا، لہٰذا منگل کو انہوں نے صوبائی وزراء مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی سے باضابطہ رابطہ کیا۔
زبیر موتی والا نے بتایا کہ عید سیزن میں چھوٹے تاجروں کی سرمایہ کاری کو ڈوبنے سے بچانے پر حکومتی نمائندوں نے اتفاق کیا اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے ساتھ پندرہویں روزے سے کراچی میں کاروبار کے اوقات کار بڑھانے پربھی اتفاق کیا۔ اسی طرح دونوں وزراء کی جانب سے کاروبار کی دو روزہ بندش میں بھی ایک دن کی کمی پر اتفاق کیا گیا۔
تاجر نمائندے تمام مارکیٹوں اور بازار میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کرائیں گے جس کی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ ہوگی۔
زبیر موتی والا نے بتایا کہ دونوں صوبائی وزراء وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیں گے اور ان سے مشاورت کے بعد تاجر نمائندوں کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے، جس میں کورونا ایس او پیز کے تناظر میں نرمی لانے کے اقدامات پر فیصلے ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔