میرا بیٹا بھی اگر فکسنگ میں ملوث ہوتا تو اسے عاق کردیتا، رمیز راجا
لاہور: سابق اوپننگ بلے باز رمیز راجا نے ایک مرتبہ پھر محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجا نے مقامی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ فکس کرکے پاکستان کو بدنام کیا، لارڈز میں کمنٹری کے دوران فینز اور دیگر لوگوں نے مجھ سے نفرت کی کیونکہ ہم فکسنگ میں ملوث لوگوں کو بے نقاب کررہے تھے۔ اس کے بعد میڈیا میں جتنا ہمارے ساتھ برا سلوک ہوا اس کو کبھی نہیں بھول سکتا۔
رمیز راجا نے کہا کہ کوئی بھی کرکٹر اگر ایسے کاموں میں ملوث ہوتا ہے تو اس کا کیرئیر ختم ہوجاتا ہے، اس سے ہمدردی ضرور ہوتی ہے لیکن میری کتاب میں ملک کو بدنام کرنے کی کوئی معافی نہیں ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر میرا بیٹا بھی خدانخواستہ فکسنگ میں ملوث ہوتا تو میں اسے عاق کردیتا۔