کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر انور علی کورونا کی زد میں آگئے

کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پی ایس ایل سے باہر کیے جانے کے بعد اب آل راؤنڈر انور علی بھی کورونا کے مریض نکل آئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ایس ایل 6 کی مشکلات کم نہیں ہوپارہیں کہ لیگ کو ایک اور دھچکا لگ گیا، گذشتہ روز کراچی کے معروف ہوٹل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں کے کووڈ ٹیسٹ کیے گئے، جس میں آل راؤنڈر انور علی کورونا کے مریض نکل آئے ہیں، گزشتہ روز ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر ہوٹل میں کھلبلی مچ گئی، جس کے بعد اب انور علی ٹیم کے ساتھ ابوظبی کے لیے سفر نہیں کرسکیں گے، کورونا کے شکار انور علی کو ہوٹل میں علیحدہ منزل پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹر ہی کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو کورونا کی پرانی ٹیسٹ رپورٹ جمع کروانے پر لیگ سے باہر کرکے گھر بھیج دیا تھا جب کہ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے ممتاز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر کی تکلیف کے سبب پی ایس ایل 6 سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹرز اور بھارت سے تعلق رکھنے والے نشریاتی عملے کے ارکان ہنوز متحدہ عرب امارات کے ویزوں کے اجراء کے منتظر ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔