روس کے صدارتی انتخابات میں پوتن مسلسل 5 ویں مرتبہ کامیاب

ماسکو: ولادی میر پوتن نے روس کے صدارتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق ریکارڈ 87.97 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدارتی انتخاب کا 3 روزہ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد حاصل ہونے والے ابتدائی نتائج کے مطابق ولادی میر پوتن 87.97 فیصد ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوگئے ہیں۔
ایف او ایم کے مطابق کے جی بی کے سابق لیفٹننٹ کرنل 71 سالہ پوتن نے 87.97 فیصد ووٹ حاصل کرلیے جو سوویت یونین کے بعد روس کی تاریخ کا سب سے بہترین نتیجہ ہے۔
الیکشن حکام نے بتایا کہ روس میں صدارتی انتخاب کا ٹرن آؤٹ 74.22 فیصد رہا جب کہ 2018 میں 67.5 فیصد تھا، روس میں 11 کروڑ 40 لاکھ رجسٹرڈ ووٹر ہیں، جس میں یوکرین کے 4 ریجنز بھی شامل ہیں۔
ولادی میرپوتن 1999 سے وزیراعظم یا صدر کی حیثیت سے روس کے حکمران ہیں اور دنیا کی بڑی جوہری طاقت کی حامل ریاست کی سربراہی کے لیے مزید 6 سال مل جائیں گے، جس کے بعد وہ ملک کی 200 سالہ تاریخ میں جوزف اسٹالن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے رہنما بن جائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔