پرتگال کا سفر تمام، رونالڈو کا فیفا ورلڈکپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا
پرتگال کے عظیم فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈکپ سفر اسپین کے خلاف آخری 16 کے مرحلے میں 0-1 کی شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اضافی وقت میں اسپین کے میکل میرینو کے فیصلہ کُن گول نے پرتگال کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا جس کے بعد 41 سالہ رونالڈو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں اشک بار دکھائی دیے۔
رونالڈو اس سے قبل اعلان کرچکے تھے کہ 2026 ورلڈکپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔
تاہم میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ پہلے اپنے اہل خانہ سے مشورہ کریں گے اور پھر قومی ٹیم میں مستقبل سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
پانچ بار کے بیلن ڈی اور فاتح رونالڈو اپنے کیریئر میں 976 گول کرچکے جب کہ وہ 6 مختلف ورلڈکپ میں گول کرنے والے واحد کھلاڑی بھی ہیں۔
اس کے باوجود وہ عالمی کپ جیتنے کا خواب پورا نہ کرسکے۔ ان کی بہترین کارکردگی 2006 میں پرتگال کو سیمی فائنل تک پہنچانا رہی۔
ٹورنامنٹ کے دوران رونالڈو کی مسلسل شمولیت پر بھی سوالات اٹھتے رہے۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ ان کی موجودگی نے کوچ روبرٹو مارٹینیز کے انتخاب کو متاثر کیا، حالانکہ ٹیم میں گونکالو راموس، برونو فرنینڈیز، وٹینیا، جواؤ نیویس اور نونو مینڈیس جیسے باصلاحیت کھلاڑی موجود تھے۔
رونالڈو نے اس ورلڈکپ میں تین گول کیے، لیکن ان کی مجموعی کارکردگی پر تنقید بھی ہوئی۔
دوسری جانب کوچ روبرٹو مارٹینیز نے میچ کے بعد اپنے عہدے سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے رونالڈو کو فٹ بال کا عظیم آئیکون قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ورلڈکپ جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کی اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین مثال قائم کی۔