سیاسی انتقام سے ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال سے رُکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی آج بھی بدترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے، چار سال آپ یہ سب کرکے دیکھ چکے، سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔
وزیراعظم نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔