تمام اداروں کا آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ضروری ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو ہموار اور مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ریاستی ادارے آئین کے متعین دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کام کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گزشتہ روز قومی اسمبلی میں کیے گئے اپنے خطاب سے متعلق ایک ٹوئٹ میں کہا کہ قومی اسمبلی میں میرے خطاب کا محور یہ خیال تھا کہ جمہوری نظام کو ہموار اور اسے مؤثر انداز میں کام کرنے دیا جائے۔

انہوں نے لکھا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اپنی متعین کردہ آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، اس چیز کو سمجھے بغیر ہم محض ایک دائرے میں گھومتے رہیں گے اور کہیں نہیں پہنچ سکیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہے، وہی مالک اور خالق ہے اس نے جو اختیار انسانوں کو دیا ہے اور 22 کروڑ عوام نے اس منتخب ایوان کو دیا ہے، یہ وہ اختیار ہے جسے مقدس امانت جان کر یہ ایوان اس کو استعمال کرتا ہے، مقننہ، عدلیہ، انتظامیہ ہو، آئین نے ان کے اختیارات متعین کردیے ہیں، آئین بتاتا ہے کہ اپنے دائرے میں رہ کر پاکستان کی خدمت کرنی ہے اور پاکستان کو آگے بڑھانا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔