عمران نے چین کو اتنا ناراض کیا بتادوں تو سب حیران ہوجائیں، وزیراعظم

ڈیرہ اسماعیل خان: ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں مخلوط حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے چین کو اتنا ناراض کردیا تھا کہ اگر بتادوں تو سب حیران ہوجائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کو التوا میں ڈالے رکھا، معیشت کا بیڑہ غرق کردیا، جس سے ترقی اور خوش حالی رک گئی۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک بھی ناراض کردیے گئے تھے، عمران نیازی نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال لیے اور ملک کو بدنام کیا، مخالفین پر دن رات الزام تراشی اور دشنام طرازی کی جاتی رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھارہا ہے، بنوں میں انتہائی دل خراش واقعہ پیش آیا، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور کمانڈو افسران اور جوانوں نے آپریشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس واقعے میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے جرأت اور بہادری کی شاندار تاریخ رقم کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس معاملے پر اجلاس طلب کیا گیا ہے، ان واقعات کی روک تھام اور دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب حلف اٹھایا تو احساس نہیں تھا کہ معیشت سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث اتنی تباہ حال ہوچکی ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہوچکا تھا لیکن مخلوط حکومت اور اداروں کی کاوشوں اور عوام کی دعاؤں اور پاکستان کی ہمدردوں کی محنت اور تعاون سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا گیا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ بے پناہ چیلنجز موجود ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔