کراچی ٹیسٹ، پہلے روز پاکستان نے 5 وکٹ پر317 رنز جوڑ لیے

کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے اولین مقابلے کے پہلے روز پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے جارہے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن قومی ٹیم کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 12 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق اعجاز پٹیل کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 7 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے، شان مسعود بھی مچل بریسویل کی گیند پر زوردار ہٹ لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، وہ صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
امام الحق بھی بریسویل کی گیند پر آگے بڑھ کر چھکا لگانے کی کوشش میں 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور سعود شکیل نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن جب ٹیم کا اسکور 110 رنز پر پہنچا تو سعود شکیل 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم نے ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے اپنا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سنچری مکمل کی جب کہ سرفراز احمد نے بھی قریباً 4 سال بعد ٹیم میں واپسی کے بعد پہلی ہی اننگز میں ففٹی اسکور کی۔
سرفراز احمد 86 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کا شکار ہوگئے جب کہ اس وقت بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی ہے، نئی سیریز ہے کوشش ہوگی کہ پہلے سے بہتر پرفارم کریں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد کی 4 سال بعد پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے، میر حمزہ اور امام الحق بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔