مافیا نے فوج مخالف تقریریں کیں، اپوزیشن چاہتی ہے فوج حکومت کو گرادے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ کسی طرح فوج ہماری حکومت کو گرادے۔
وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی 3 سالہ کارکردگی کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نماز میں ایک ہی چیز مانگتے ہیں کہ اللہ ہمیں ان کی راہ پر لگا جنہیں وہ نعمتیں بخشتا ہے، نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے، اللہ تعالیٰ نبی ﷺ کی زندگی سے سیکھنے کا حکم دیتا ہے، نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی زندگی سے سیکھنا چاہیے، اونچ اور نیچ زندگی کا حصہ ہے، جو بھی حق کی راہ میں کھڑا ہوتا ہے اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کا مطلب کہ ہمیں برے وقت سے ڈرنا نہیں چاہیے، اگر ہم مشکل وقت کو صحیح طرح سے سمجھیں تو یہی کامیابی کا راستہ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم بنا تو یہی کہا کہ مشکل وقت ہے لیکن گھبرانا نہیں ہے، ہمارے تین سال بہت مشکل گزرے، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمارے پاس قرض کی ادائیگیوں کے لیے پیسے نہیں تھے، کرنٹ اکاوَنٹ کا خسارہ 20ارب ڈالر کا تھا، سعودی عرب اور چین ہماری مدد نہ کرتے تو کافی مشکلات کا سامنا ہوتا، ہمارے روپے کی قدر اور زیادہ گرتی، پیسے نہ ہونے کی وجہ سے مجبوری میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، آئی ایم ایف کی شرائط پر چلنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ کسی طرح فوج حکومت کو گرادے، مافیا نے ہماری فوج کے خلاف تقریریں کیں، مشکلات سے نمٹنے میں خاص طور پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایک سال بعد ہم مشکل وقت سے نکلنے لگے تھے کہ کورونا آگیا، لاک ڈاوَن سے متعلق اپوزیشن نے بہت زیادہ تنقید کی، لاک ڈاوَن کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے پاکستان کی مثال دی کہ پاکستان نے بہتر طریقے سے کورونا کو ہینڈل کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔