سڑکوں کی تعمیر میں چوری کیے پیسے کی تحقیقات کرائیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن ملک کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے اور ہم (ن) لیگ کے دور سے سستی سڑکیں تعمیر کررہے ہیں۔
جھل جھاؤ بیلا روڈ کی بحالی اوراپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں سڑکیں بنانے میں قوم کا پیسہ چوری ہوتا رہا، جب تک بلوچستان میں سڑکیں نہیں بنیں گی تو ترقی کیسے ہوگی۔ (ن) لیگ کے دور سے سستی سڑکیں تعمیر کررہے ہیں، کم ریٹ پر کوالٹی سڑک بنانا کمال ہے۔ سڑکوں کی کم لاگت میں تعمیر اس بات کا ثبوت ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کی۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں چوری کیے جانے والے پیسے کی تحقیقات کرائیں گے۔ یہ ملک کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے۔ ایف آئی اے کو تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ غریب ملکوں میں سب سے زیادہ کرپشن ہے، جو جو علاقے پیچھے رہ گئے ان کی مدد کررہے ہیں، کوشش ہے پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو آگے لائیں۔ قوم کو پتا ہونا چاہیے کرپشن سے کتنا نقصان ہوتا ہے۔
بلوچستان حکومت کا 80 کلومیٹر طویل سڑک کا منصوبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی مکمل کرے گا۔ دولین سڑک کا یہ منصوبہ 11،835 ملین روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوگا۔ منصوبے سے مقامی لوگوں کوروزگار کے 3 ہزار مواقع بھی میسر آئیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔