جب تک زندہ ہوں سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات نہیں ہونے دوں گا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک میں زندہ ہوں سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات نہیں ہونے دوں گا اور ملوث لوگوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ دین اور حضورﷺ کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں سانحہ سیالکوٹ کے دوران مشتعل ہجوم کی جانب سے مبینہ توہین مذہب کے الزام کے بعد قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی یاد میں وزیراعظم ہاؤس میں آنجہانی کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، غلام سرور خان، حماد اظہر، عمر ایوب، شیریں مزاری اور علی محمد خان، معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور عثمان ڈار، سری لنکن شہری کو ہجوم سے بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان، سری لنکن ہائی کمشنر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سانحۂ سیالکوٹ نے سب کو ہلاکر رکھ دیا۔ افسوس ناک واقعے کے بعد ہمیں ملک عدنان کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث لوگوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ فیصلہ کیا ہے جنہوں نے دین کو استعمال کیا اعلان کررہا ہوں ان کو نہیں چھوڑنا۔ مدینہ کی ریاست میں رحم اور انصاف تھا، ایسا کسی معاشرے میں نہیں ہوتا خود الزام لگایا۔ سارے پاکستان نے سیالکوٹ میں تماشا دیکھا، اب فیصلہ کرلیا آئندہ ایسے واقعات نہیں ہونے دینا۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، جانوروں کے معاشرے میں کمزور کی کوئی جگہ نہیں ہوتی، ہمارے نبی نے مدینہ کی ریاست میں کمزور طبقے کی ذمے داری لی، مدینہ کی ریاست میں رحم اور انصاف تھا، سانحہ سیالکوٹ، دین کے نام پر لوگوں کو مار رہے اور جلادیتے ہیں، یہ کون سا انصاف ہے آپ نے ہی الزام لگایا اور خود ہی قتل کردیا، ایسا کسی معاشرے میں نہیں ہوتا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ججز، وکلا ایسے کیس ہی نہیں سنتے تو اس کا کون دفاع کرے گا، سانحہ اے پی ایس کے بعد ملک میں دہشت گردی کے خلاف غصہ آیا تھا، اس کے بعد پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتا، سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پریانتھا کمارا کی فیملی کے لیے ایک لاکھ ڈالر اکٹھا کیا اور ہمیشہ فیملی کو تنخواہ بھی دی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ پوری قوم عاشق رسول ﷺ ہے، ہمیں نبی ﷺ کی سیرت پر چلنا ہوگا، اگر ہم نبی ﷺ کی سیرت کو پڑھ لیں تو کوئی بھی ایسی حرکتیں نہ کرے، اسی لیے ہم نے رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی، ہمیں بچوں کو نبی کی زندگی بارے بتانا ہوگا، ہمارے نبی دنیا کے سب سے عظیم انسان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان واحد ملک جو اسلام کے نام پر بنا تھا، اس طرح کی حرکتوں سے اوورسیز پاکستانی کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، سانحہ سیالکوٹ ہجوم نے جو کچھ کیا بہت تکلیف ہوئی، ملک عدنان کو تمغۂ شجاعت 23 مارچ کو دلوائیں گے۔ ایسے واقعات کو بھارت میں بہت اٹھایا جاتا ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں کسی کو گائے کا گوشت کھانے پر مار دیا جاتا ہے، بھارت میں ایسے واقعات دیکھ کر ہمیں بہت تکلیف ہوتی ہے، بھارتی میڈیا جب ایسے واقعات دکھاتا ہے تو کہتا ہے پاکستان میں بھی ایسا ہوتا ہے، پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا اور جب تک میں زندہ ہوں ان شاء اللہ ایسے واقعات نہیں ہونے دوں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔