مینار پاکستان پر لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ، وزیراعظم کا نوٹس

اسلام آباد: مینار پاکستان کے مقام پر یوٹیوبر لڑکی پر ہجوم کے حملے اور ہراسانی کے افسوس ناک واقعے پر وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب انعام غنی سے رابطہ کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں پیش آئے واقعے پر وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پولیس خاتون یوٹیوبر پر حملے اور قلعہ لاہور میں رنجیت سنگھ کے مجسمے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں کو پکڑ رہی ہے۔
زلفی بخاری نے مزید کہا کہ یہ واقعات قانون اور سماجی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، حکومت ان واقعات میں ملوث کسی ایک فرد کو بھی نہیں چھوڑے گی۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے گریٹر اقبال پارک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگئی، پنجاب حکومت معاملے پر سخت کارروائی یقینی بنائے گی۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی کہا کہ سیکڑوں لوگوں کی جانب سے ایک نوجوان خاتون اور اس کے ساتھیوں کو ہراساں کیے جانے پر بہت پریشان ہوں، اس سے زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کس سمت جارہا ہے، حالیہ خواتین مخالف واقعات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ بدحالی گہری ہے۔ بہت شرم ناک!۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ بہت جلد گریٹر اقبال پارک مینار پاکستان کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو پولیس گرفتار کر کے سخت ترین کارروائی کرے گی، پولیس وڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کررہی ہے، یہ وہ رویے ہیں جن پر پورے معاشرے نے مل کر کام کرنا ہے، سیاست دانوں، میڈیا صحافیوں، اساتذہ اور والدین سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔