پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلیے انصاف کے اصولوں پر چلنا ہوگا، وزیراعظم

بہاولپور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بہت وسائل سے نوازا ہے، قوم وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ چوری کی وجہ سے غریب ہوتی ہے۔
یہ بات انہوں نے بہاولپور میں نیا پاکستان صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنتے نہیں دیکھا لیکن برطانیہ گیا تو پہلی بار فلاحی ریاست دیکھی جہاں مریض کے پاس پیسے نہ ہونے کے باوجود اس کا علاج ہوتا دیکھا، وہاں کے قومی اسپتالوں میں مفت علاج ہوا جہاں والدہ کا علاج کرایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا سب انسانوں کے لیے، یعنی جو ان کی سنت پر عمل کرے وہ آگے جائے گا، مغرب والے فلاحی ریاست کے معاملے میں ہم سے بہت آگے ہیں جب کہ افسوس مسلمان ممالک میں شاید ہی کوئی فلاحی ریاست ہو۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے لیے کہاں سے پیسہ لائیں؟ جب کہ سب سے زیادہ پیسہ صحت پر خرچ ہوتا ہے، برطانیہ میں صرف صحت کا بجٹ پاکستان کے پورے سالانہ بجٹ سے زیادہ ہے، ہم جو ہیلتھ انشورنس کارڈ دے رہے ہیں وہ مغرب میں بھی نہیں ملے گا کیوں کہ وہاں انشورنس کے عوض پیسے دیے جاتے ہیں جب کہ حکومت یہ مفت دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے تمام آبادی کے لیے اسپتال بنانے کے وسائل نہیں، یہ ہیلتھ کارڈ پہلی بار دیا جارہا ہے جس سے پاکستان کے ہیلتھ کے شعبے میں انقلاب آئے گا، ملک کی تاریخ میں آج تک عوام پر اتنا خرچہ نہیں ہوا، پنجاب حکومت صرف ہیلتھ کارڈ پر 400 ارب روپے خرچ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ملکی دولت میں اضافہ 5.60 فیصد ہے، یہ وہ ہے جو ن لیگ نے پانچویں سال میں قرضے لے لے کر کیا، گلوبل وارمنگ کے معاملے میں ہماری تبدیلیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا، اسی طرح ہمارا احساس پروگرام ہے جس کی بھی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی۔
عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت وسائل سے نوازا لیکن اگر آپ ایک فیکٹری پر بھی چور بٹھادیں گے تو وہ تباہ ہوجائے گی، قوم وسائل کی کمی سے غریب نہیں ہوتی، سوئٹزرلینڈ اس لیے امیر ملک ہے کہ وہاں چوری نہیں، قبضہ گروپ نہیں، ادارے مضبوط ہیں اور یہی ہماری جدوجہد پاکستان کے لیے ہے، اسے فلاحی ریاست بنانے کے لیے انصاف کے اصولوں پر چلنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حضرت علیؓ نے کہا کہ حکومتی نظام کفر سے چل سکتا ہے لیکن انصاف کے بغیر نہیں، دنیا حیران ہے کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کیسے آگئے؟

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔