ڈیفنس میں بہن بھائی پر تشدد کا معاملہ: ایس ایس پی کورنگی ذمے دار قرار

کراچی: شہرِ قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں خاتون کی جانب سے بہن بھائی پر تشدد کے معاملے کی انکوائری رپورٹ مکمل کر لی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس نے تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری رپورٹ کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کو بھی ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے، متاثرہ فیملی کے خلاف درج مقدمے کو بی کلاس یعنی خارج کردیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ کورنگی کے 4 اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے رپورٹ کی روشنی میں ایس اچ او درخشاں راشد علی، ایس آئی او عمران اور پولیس موبائل افسر آفتاب کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، رپورٹ میں متاثرہ فیملی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے، انکوائری کمیٹی نے ویڈیو میں نظر آنے والی دو خواتین اور ایک مرد پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی ہے اور کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کی طرف سے معاملے میں انتظامی غفلت برتی گئی، لہٰذا ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے، ویڈیو میں تشدد کرنے والے تمام افراد فدا جانوری کے قریبی رشتے دار ہیں، واقعے سے متعلق شفاف تحقیقات کی گئی ہیں، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمے داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو بھجوادی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔