پانی کی کمی کو پورا کرنے، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کیلیے جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پانی کی کمی اور بڑے شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس  کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج راوی اربن سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر  پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) انور علی حیدر، سی ای او راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی عمران امین، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران اور سینئر افسران شریک تھے۔
اجلاس میں ان دونوں کلیدی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیفائر۔بے میں ترقیاتی کام اگلے ہفتے کنٹریکٹ کے اجرا کے بعد جلد شروع کردیا جائے گا۔ انڈسٹریل زون کے حوالے سے منظوری کا عمل بھی جون میں مکمل ہوجائے گا، جس کے بعد انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔
راوی سٹی میں اقرا یونیورسٹی، UMT اور ISC اپنے کیمپسز قائم کریں گے۔ اقرا یونیورسٹی نے اپنے کیمپس کے ساتھ ہسپتال کی تعمیر میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اجلاس کو راوی سٹی میں واسا کے تین واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی منتقلی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکا کو جوڈیشل واٹر کمیشن کی جانب سے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو راوی سٹی منصوبے کے لیے منظوری کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
شرکا کو مقامی لوگوں کے لیے راوی سٹی منصوبے کی افادیت کے حوالے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ منصوبے میں مقامی آبادی کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایک لاکھ مقامی خاندانوں کو اس منصوبے سے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
اس کے علاوہ علاج معالجے کے حوالے سے مقامی افراد کو علاج کے اخراجات میں 50 فیصد رعایت میسر ہوگی۔ وزیراعظم نے پانی کی کمی اور خصوصا لاہور جیسے بڑے شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ  کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے واٹر ٹریٹمنٹ اور ویسٹ واٹر ڈسپوزل کے ضمن میں ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی، تاکہ شہری آبادی کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی کے ساتھ زرعی مقاصد کے لیے بھی اضافی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
اجلاس کو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے میں نیلامی کا عمل جولائی 2021 کے پہلے ہفتے میں شروع کردیا جائے گا۔ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے حوالے سے بورڈ قائم ہوچکا ہے، نیسپاک اور ایف ڈبلیو او سے ڈیزائن کے حوالے سے معاونت جاری ہے اور ترقیاتی کام کا آغاز اگلے ہفتے سے کیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔