اسلام آباد میں خواتین کے لیے مخصوص مارکیٹ قائم کررہے ہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، موجودہ حکومت انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے کوشاں ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے خواتین کو ملکی  معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے، حالیہ بجٹ میں خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے کئی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، خواتین کو کاروبار بڑھانے کے لیے ترجیحی طور پر قرضے دیے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو  اسلام آباد خواتین چیمبرز آف کامرس کے وفد سے  ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران خواتین کو دارالحکومت میں کاروباری سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور اسلام آباد میں خواتین کے لیے مختص مارکیٹ بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ خواتین پاکستان کی نصف آبادی ہیں۔ انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے پالیسیاں بنائی ہیں۔ پاکستان کی ترقی کے لیے خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ حالیہ بجٹ میں خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے کئی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو کاروبار بڑھانے کے لیے ترجیحی طور پر قرضے دیے جارہے ہیں۔ دارالحکومت میں خواتین کے لیے کاروباری وسائل بڑھانے کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔ اسلام آباد میں خواتین کے لیے مخصوص مارکیٹ قائم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں کاروباری اسٹال کی مالکان صرف خواتین ہوں گی۔ ایسی خواتین کو ترجیح دیں گے جن کے پاس کاروباری وسائل محدود ہیں۔ خواتین چیمبر آف کامرس کو خواتین مارکیٹ میں شراکت داری دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا اور پاسپورٹ بنانے کے سینٹرز میں خواتین کے لیے علیحدہ ڈیسک بنائیں گے۔
اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے وفد  نے  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا  شکریہ ادا کیا۔ وفد کی نمائندگی اسلام آباد خواتین چیمبرز کی صدر ثمینہ فضیل نے کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔