خودکُش حملہ آور جہنم کے کتے، ان کے خلاف حوصلے پست نہیں ہوں گے، نگراں وزیراعظم

کراچی: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دہشت گردوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خودکُش حملہ آوروں سے نہیں ڈرتے، یہ جہنم کے کتے ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کراچی میں معروف کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا، پُرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے، سب یقین کی کیفیت میں آئیں، ہمیں ایک دوسرے کو سننے کی ابتدا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائی اور خوراک کی کمی، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا سامنا ہے، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں تاجر برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، ہر ممکن کوشش کریں گے تاجروں کے مسائل حل ہوجائیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا، انتہاپسندی اور عدم برداشت سے ہر قیمت پر لڑیں گے، شرپسندوں کے آگے کبھی بھی سرینڈر نہیں کریں گے، کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ ہم تھکاوٹ کا شکار ہوجائیں گے، یہ ہمارا گھر ہے اور ہم اسے اپنے انداز میں چلائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کل ایک اور المیہ ہوا، ہمارے 10 جوان شہید ہوئے، جنگیں افراد نہیں لڑتے قومیں لڑتی ہیں، یہ جنگیں آرمی چیف یا وزیراعظم نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں، شہادتیں دینے والے پولیس، رینجرز اور فوج کے جوان ہمارے بیٹے ہیں، ان کی خدمات کا صلہ تنخواہ نہیں، عزت و تکریم ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم جانیں لینا کسی طور جائز قرار نہیں دیا جاسکتا، دہشت گرد گمراہ تھے اور گمراہ ہیں، یہ خودکُش حملہ آور جہنم کے کتے ہیں، ان کے خلاف ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور ہم شہادت سے گریز نہیں کریں گے، یہ دہشت گرد کچھ عرصے تک لڑ سکتے ہیں لمبے عرصے تک لڑائی کی سکت نہیں رکھتے۔
اُن کا کہنا تھا بٹ گرام میں مقامی لوگوں، ضلعی انتظامیہ اور فوج نے مل کر مشترکہ کوششیں کیں، بٹ گرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں کو بچانے کے واقعے کی خوشی منائیں گے، چیئرلفٹ میں پھنسے بچوں نے اپنے حواس پر قابو رکھا، بچوں کو بچانے کے لیے اس بحث میں نہیں پڑسکتے تھے کہ کس کا اختیار ہے، بچوں کو بچانا پہلی ترجیح تھی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔