ہوشربا مہنگائی، عازمین کم پڑگئے، حج کوٹہ سعودیہ کو واپس کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان میں ہوش رُبا مہنگائی کے باعث پہلی بار حج کوٹہ دستیاب ہے لیکن اس کے لیے عازمین حج کم پڑگئے ہیں۔
مہنگائی اور ڈالر کی قلت کے باعث پاکستانیوں کے لیے حج ایسے دینی فریضے کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی۔
ذرائع مذہبی امور کے مطابق حکومت نے استعمال نہ کیا جانے والا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حج کوٹہ واپسی کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی درخواستیں نہیں دے سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی کم وصولی پر سرکاری حج کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے پر بھی غور کیا گیا تھا تاہم مسئلہ یہ ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز اضافی کوٹہ ملنے پر مارکیٹ سے ڈالر لیں گے اور اوپن مارکیٹ سے خریداری پر ڈالر کی غیر ضروری طلب بڑھ جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کا مطالبہ رہا ہے کہ حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 سے بڑھا کر 2 لاکھ 10 سے 20 ہزار کیا جائے، پاکستان کو کئی برس بعد 1 لاکھ 79 ہزار کا پورا حج کوٹہ ملا تھا، جسے مکمل استعمال نہ کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 عازمین حج کا کوٹہ مقرر کیا گیا، سرکاری حج اسکیم کے لیے کوٹے سے قریباً 9 ہزار کم درخواستیں موصول ہوئیں، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 72 ہزار 869 اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواست گزاروں کی تعداد 8 ہزار رہی، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت44 ہزار 190 کے کوٹے پر 28 ہزار 679 اضافی درخواستیں آئیں، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت اضافی درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی حج پربھیجا جارہا ہے۔
ذرائع مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 235 ملین ڈالر درکار ہیں، کچھ ڈالر اسپانسرشپ اسکیم اور باقی حکومت فراہم کررہی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔