پٹرولیم بحران کا خدشہ دور، پٹرولیم ڈیلرز سے معاملات طے پاگئے!

اسلام آباد: بالآخر بڑی پیش رفت ہو ہی گئی، حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات طے پاگئے، جس کے بعد ملک میں پٹرول پمپس کی بندش کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
وزارت پٹرولیم اسلام آباد میں حکومت کی طرف سے وزیر پٹرولیم حماد اظہر، سیکریٹری پٹرولیم، ڈی جی آئل اور چیئرمین اوگرا نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد سے تفصیلی مذاکرات کیے۔
6 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں حکومت پٹرولیم ڈیلرز کا 6 فیصد تک ڈیلرز مارجن بڑھانے پر رضامند ہوگئی، ڈیلرز مارجن بڑھانے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے سیکریٹری پٹرولیم کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ جو کابینہ اور ای سی سی سے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری لے کر ڈیلرز کو آگاہ کرے گی۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ عارضی طور پر ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے، 5 نومبر کو اب ہڑتال نہیں ہوگی، لیکن اگر حکومت نے 17 نومبر تک اپنے وعدے پر عمل درآمد نہ کروایا تو 20 نومبر سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کردیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔