پٹرول مہنگا ہونے سے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور: پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر آگئی اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر کی غلہ منڈی، فروٹ منڈی، سبزی منڈی، چکن منڈی اور مچھلی منڈی میں مہنگائی کا نیا سونامی آگیا ہے۔ دودھ دہی، گھی، آٹا، چاول، دالیں، گوشت اور مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، پہلے ہی مہنگائی سے تنگ شہریوں نے حالیہ گرانی کو آخری حد قرار دے دیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، ٹیکسی، رکشا، کیب، سوزوکی اور ویگن کے کرایوں میں اسٹاپ ٹو سٹاپ اضافہ کردیا گیا ہے، جس سے کم آمدن والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ہر شے کے دام بڑھنے پر شہری ماتم کناں ہیں، اُن کا سوال ہے کہ ہم جئیں تو کیسے جئیں، ہماری آمدن تو وہی پُرانی ہے، تاہم مہنگائی کے عذاب کے باعث اخراجات اُس سے کئی گنا زیادہ ہوچکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔