تین نیب ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسوخ

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے احتساب عدالت نے دائمی وارنٹ منسوخ کردیے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فلیگ شپ، العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ جاری کیے تھے۔
گزشتہ ہفتے احتساب عدالت میں 3 ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن نواز، حسین نواز اشتہاری ہیں، ان دونوں کا رواں ماہ 12 مارچ کو پاکستان آنے کا پلان ہے، دونوں پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جمعرات کو درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسوخ کردیے۔
اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران حسین نواز نے کہا کہ میرا اور حسن نواز کا کسی حکومت سے تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستانی شہری نہیں ہوں، میں پاکستانی شہری ہوں لیکن جو ہمارے ساتھ ہوا وہ سب آپ کے سامنے ہے۔
حسین نواز کا کہنا تھا کہ اکتوبر 1999 کو سیاسی انتقام لینا شروع کیا گیا اور بغیر کسی کیس کے جلاوطن کردیا گیا، ہر شخص کو شفاف ٹرائل ملنا چاہیے، مانتا ہوں کہ عدالتی اصلاحات ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بھائی حسین اور حسن نواز لندن سے لاہور پہنچے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔