حکومت کا ریڈزون میں پی ڈی ایم کو احتجاج کی اجازت دینے کا فیصلہ!

اسلام آباد: پی ڈی ایم کو حکومت نے ریڈزون میں احتجاج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، کسی کو پہلی دفعہ ریڈزون میں آنے کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 15 دسمبر سے ہائی الرٹ ہے، تاہم ہائی الرٹ کا بتاکر کسی کو ڈرا نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے حفاظتی انتظامات ضرور کرے گی اور شیخ رشید ہی آپ کو حلوہ کھلائے گا، پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیں گے، کوئی رکاوٹ اور کنٹینر نظر نہیں آئیں گے، تاہم اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون اس کو ہاتھ میں لے گا، وفا کروگے وفا کریں گے جفا کروگے جفا کریں گے جب کہ احتجاج میں ‏انصارالاسلام کے طلبہ اور مدرسوں کے بچے لائے گئے تو قانون حرکت میں آئے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان خود پھنسنے جارہے ہیں، فضل الرحمان کو اس سیاست سے کچھ نہیں ملنا جب کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے بھی پیچھے ہٹنا ہے، پاناما اور براڈ شیٹ میں سب بے نقاب ہوچکے ہیں، عمران خان نے 40 ہزار فنڈ کرنے والوں کا ڈیٹا دے دیا لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی 4 ہزار افراد کا ڈیٹا بھی نہیں دے سکتیں، یہ ذہن نشین کرلیں یہاں سپریم کورٹ اور ایف بی آر بھی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم تنزلی کا شکار ہے اور یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے، تاہم ‏جس اسمبلی پر انہوں نے لعنت بھیجی اس کا ضمنی الیکشن فضل الرحمٰن کا امیدوار لڑرہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔