پی سی بی کا دس فیصد کٹوتی کے ساتھ 7.76 بلین کا بجٹ منظور

لاہور: پی سی بی کا آئندہ مالی سال کے لیے 7.76 بلین روپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال میں 10 فیصد کٹوتی کی گئی، کرکٹ سرگرمیوں پر 71.2 فیصد صرف ہوں گے، انفرا اسٹرکچر پر 1.22 بلین خرچ کیے جائیں گے۔
پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2020-21 کے لیے 7.76 بلین روپے پر مشتمل بجٹ کی منظوری دے دی، کورونا وبا کے باعث پیدا شدہ صورت حال میں کفایت شعاری اپناتے ہوئے گذشتہ سال کی بہ نسبت 10 فیصد کٹوتی کردی گئی، بورڈ کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ گذشتہ سیزن میں منعقدہ سرگرمیوں پر سمجھوتا کیے بغیر رواں سال بجٹ کا 71.2 فیصد حصہ صرف کرکٹ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
اس رقم میں سے 25.2 فیصد ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس/ کھلاڑیوں/ میچ آفیشلز/ سپورٹ اسٹاف کے کنٹریکٹ اور ہائی پرفارمنس سینٹر کے اخراجات پر خرچ ہوگی، 19.3 فیصد انٹرنیشنل ہوم/ اوے سیریز اور کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ پر لگیں گے، 5.5 فیصد خواتین کی ہوم/ اوے کرکٹ اور کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ پر خرچ کیے جائیں گے۔
19.7 فیصد پی ایس ایل 2021 اور 1.5 فیصد میڈیکل اور اسپورٹس سائنسز پر صرف ہوگا۔ کورونا کے باعث انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کا امکان واضح نہیں اور یہ حالات پی سی بی کے کمرشل پروگرام پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں، محصولات میں کمی کی پیش گوئی کردی گئی ہے، اسی لیے بی او جی نے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے 1.22 بلین روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کرلیا، گذشتہ سال کی بہ نسبت اس رقم میں 800 ملین روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔