پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، وہ اب وزیراعلیٰ نہیں رہے، وزیر داخلہ

لاہور: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے کل اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، اب وہ وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ کو کل تک اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا، لیکن انہوں نے کل اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، لہٰذا آئین کے تحت پرویز الٰہی اب وزیراعلیٰ نہیں رہے، گورنر پنجاب کی جانب سے نوٹیفکیشن صرف ایک رسمی کارروائی ہے۔
ان کا کہنا تھا گورنر پنجاب آئین کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کررہے ہیں، جیسے ہی گورنر پنجاب آرڈر جاری کریں گے اس پر عمل درآمد کروائیں گے، فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں گورنر وفاقی حکومت کو صوبے میں گورنر راج لگانے کا کہہ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا صدر وزیراعظم کی ہدایت کے بغیر کوئی کارروائی نہیں کرسکتا، نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے گورنر کو شیڈول بھی دینا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا ہم نے الیکشن سے فرار کی کوئی کوشش نہیں کی، الیکشن کی بھرپور تیاری کر رکھی ہے، نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے تاریخیں دینے کو مناسب نہیں سمجھتا، نواز شریف ہمارے قائد ہیں انہوں نے جب بھی وطن واپس آنا ہوا اس کی تاریخ وہ خود دیں گے لیکن ہم نے ان کے استقبال کی بھی بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔