پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس بولرز اور بیٹرز، ایشیا کپ جیتے گا، ذکاء اشرف

ہمبنٹوٹا: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ بابراعظم کی قیادت میں ٹیم اچھا پرفارم کررہی ہے۔
ذکاء اشرف نے ہمبنٹوٹا میں قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور افغانستان کے خلاف پہلے میچ سے قبل کھلاڑیوں سے خطاب بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا پرفارم کررہی ہے، ہمارے پاس ورلڈ کلاس باؤلرز اور بیٹرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کمبی نیشن اچھا ہے کوئی وجہ نہیں کہ ہم ٹرافی نہ جیتیں۔ دنیا بھر کے سابق کرکٹرز پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دے رہے ہیں، جس فارم میں پاکستان ٹیم ہے وہ کسی کو بھی ہراسکتی ہے۔ سابق کرکٹرز کے خیال میں ہم ایشیا کپ کے سب سے فیورٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈکپ جیت چکے ہیں، دو مرتبہ ایشیا کپ بھی جیتا ہوا ہے، ہمیں اس کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی کہ ہم دوبارہ نہیں جیت سکتے، میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔
ذکاء اشرف نے کہا مجھے بڑی امید ہے کہ آپ کی کوشش اور محنت سے پاکستان ایشیا کپ جیتے گا، مجھے یقین ہے کہ آپ اس مومنٹم اور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور ورلڈ کپ ٹرافی کو وطن واپس لائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔