پاکستان اسٹاک ایکسچینج 66 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی کے باعث 100 انڈیکس 66000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 1436 پوائنٹس کے اضافے سے 66155 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر آگیا۔ مارکیٹ میں پہلے سیشن کا اختتام ہوگیا۔
اجارہ سکوک اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ رواں مالی سال معیشت کو چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم آئی ایم ایف معاہدے نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بہتری سے اسٹاک مارکیٹ ستمبر سے 40 فیصد بڑھی ہے جب کہ ڈالر کا بھاؤ ستمبر میں 307 روپے تھا جو آج 284 کے لگ بھگ ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوکر 29.3 فیصد ہوئی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت کا عزم ہے کہ ترقی کا ماحول سازگار رہے اور معاشی بہتری کے ثمرات سے قوم مستفید ہو۔ حکومتی پیپرز کی اسٹاک ایکسچینج میں نیلامی سرمایہ کاری کو وسعت دے گی جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں نیلامی لاگت کم کرے گی اور شفافیت لائے گی۔
نگراں وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 48 پیسے کی کمی سے 283 روپے 63 پیسے کی سطح پر آگئی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔