پاکستان کے FATF گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوچکا، حنا ربانی

برلن/ اسلام آباد: مہنگائی کے اس دور میں قوم کے لیے بڑی خوش خبری، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کے دونوں ایکشن پلان کو مکمل قرار دے دیا ہے۔
جرمنی کے شہر برلن میں ایف اے ٹی ایف اجلاس کے سلسلے میں موجود حنا ربانی کھر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے متفقہ طور پر ہماری کوششوں کو سراہا ہے، ہماری کامیابی 4 سال کے مشکل سفر کا نتیجہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اس رفتار کو جاری رکھنے، معیشت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ آج تمام پاکستانیوں کے لیے خوشی کا دن ہے، قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو تمام نکات پر کلیئر کردیا ہے جس کے بعد فیٹف پروسیجر کے تحت پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوچکا، توقع ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب فیٹف پروسیجر کے مطابق ایک تکنیکی جائزہ ٹیم پاکستان بھیجی جائے گی، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ یہ ٹیم اکتوبر 2022 کے فیٹف پلینری سائیکل سے پہلے اپنا کام مکمل کرے اور ہم نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی اکتوبر 2022 میں ہمارا ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل اختتام کو پہنچے گا۔
فیٹف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کرلیے ہیں، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی۔
ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ کورونا صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کیا جائے گا، پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کے لیے اصلاحات مکمل کیں۔
فیٹف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کیلئے اصلاحات مکمل کیں۔ اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل دہشت گرد گروپوں، رہنماؤں کی پراسیکیوشن پرپاکستان نے بہت پیش رفت کی ہے، منی لانڈرنگ کی تحقیقات اور پراسیکیوشن میں بھی پاکستان میں مثبت رجحان رہا ہے۔
اس تمام تر تناظر میں اُمید کی جاسکتی ہے کہ پاکستان اکتوبر کے اجلاس میں گرے لسٹ سے نکلنے میں سرخرو ہوجائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔