افغانستان کو ہراکر پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

شارجہ: پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے اور آخری اوور میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، نسیم شاہ نے افغان بولر فضل الحق فاروقی کو دو گیندوں پر دو لگاتار چھکے لگا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔
نسیم شاہ نے روی شاستری کو انٹرویو میں بتایا کہ ان دو چھکوں کے مارنے پر لوگ بھول گئے کہ میں بولر بھی ہوں، مجھے یقین تھا کہ میں چھکے مار دوں گا اور چھکے مارنے کے لیے محمد حسنین کا بلا استعمال کیا۔
ایشیاء کپ 2022 کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر اتوار کو کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد 30 رنز، شاداب خان 36 رنز، محمد نواز 4 رنز، خوشدل شاہ ایک رن، حارث رؤف صفر اور آصف علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے اور نسیم شاہ کو شاندار پرفارمنس پر مبارک باد دی، صدر مملکت نے افغانستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
افغانستان کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 36 رنز پر پہلی وکٹ گرتے ہی افغان ٹیم دباؤ میں آگئی جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ابراہیم زدران سب سے زیادہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رحمان اللہ گردبز 17، حضرت اللہ زازئی 21، کریم جنت 15، نجیب اللہ زردان 10 اور کپتان محمد نبی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جب کہ محمد حسنین، محمد نواز، شاداب خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سپر فور مرحلے میں افغان ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔