پاکستان کی بہت یاد آرہی، دل چاہتا ہے ہوا میں اُڑ کر پہنچ جاؤں: شبنم
کراچی: فلم انڈسٹری پر کئی دہائی تک راج کرنے والی سدا بہار اداکارہ شبنم نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے بہت پیار ملا۔
اداکارہ شبنم نے گزشتہ روز اپنی 80 ویں سالگرہ منائی اور بتایا کہ جنم دن کی مبارک باد کے پیغامات دنیا بھر سے موصول ہوئے۔
اس موقع پر ڈھاکا سے گفتگو کرتے ہوئے شبنم نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مجھے پاکستان سے بے انتہا پیار ملا، اس سے زیادہ اور پیار کیا ملتا کہ مداح نے اپنی بچیوں کے نام میرے نام پر رکھ دیے۔
شبنم نے کہا کہ میں نے اپنے دور کے سب مقبول ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا اور سب سے زیادہ ندیم کے ساتھ فلمیں کیں۔
لیجنڈری اداکارہ شبنم نے بتایا کہ مجھے پاکستان بہت یاد آرہا ہے، میرا دل چاہتا ہے کہ ہوا میں اُڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جاؤں۔
خیال رہے کہ فلم اسٹار شبنم کی 160 فلموں میں 152 اردو، 14 بنگالی اور 4 پنجابی فلمیں شامل ہیں۔
ان کی سب سے زیادہ جوڑی ندیم کے ساتھ سپر ہٹ ہوئی جو مداحوں کے دل میں آج بھی زندہ ہیں۔