پاکستان نے 11 ماہ میں 13.5 ارب ڈالرز سے زائد بیرونی قرض حاصل کیا

اسلام آباد: رواں مالی سال پاکستان نے گیارہ ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالرز سے زائد کا غیرملکی قرضہ لیا، سعودیہ سے ملنے والے تین ارب ڈالر بھی اس میں شامل ہیں۔
بیرونی قرضوں سے متعلق وزارت اقتصادی امور کی جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ساڑھے 13 ارب ڈالرز سے زائد کا بیرونی قرض وصول کرچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں 14 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض کا تخمینہ تھا جس میں سے 13 ارب 53 کروڑ سے زائد کا قرضہ وصول کیا گیا جس میں سعودی عرب سے سیف ڈیپازٹ کی مد میں حاصل کئے گئے تین ارب ڈالرز بھی شامل ہیں۔
پچھلے مالی سال کے مئی میں پاکستان نے 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل کیا تاہم رواں مالی سال کے ماہ مئی میں کمرشل بینکوں سے کوئی قرضہ نہیں حاصل کیا گیا۔
وزارت اقتصادی امور کی جارہ کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیرونی قرضوں میں 4 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد کے کثیر الجہتی قرضے لیے گئے جس میں غیر ملکی کمرشل بینکوں سے لیا گیا 2 ارب 62 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرض بھی شامل ہے۔
پاکستان کی جانب سے گیارہ ماہ میں 59 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے زائد کے دو طرفہ قرضے لیے گئے جب کہ بانڈز کے اجراء سے دو ارب ڈالرز سے زائد کا قرضہ حاصل کیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔