پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز: قومی ٹیم کا اعلان، یاسر شاہ کی واپسی

لاہور: پاکستان کی ٹیم اگلے ماہ سری لنکا کا دورہ کرے گی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلے گی، اس سلسلے میں چیف سلیکٹر محمد وسیم نے 18 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی نے بتایا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جب کہ اسکواڈ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے۔
18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین اوپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آل راؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرز اور چار تیز گیند باز شامل ہیں۔
یاسر شاہ کے علاوہ سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کے ساتھ 88 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔
محمد نواز کو دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، اظہر علی، عبداللہ شفیق، فواد عالم، فہیم اشرف، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، نسیم شاہ، محمد نواز، نعمان علی، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور شان مسعود۔
اس ضمن میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کا 26 جون سے راولپنڈی میں آغاز ہوگا۔ قومی ٹیم 6 جولائی کو دورۂ سری لنکا کے لیے اُڑان بھرے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔