گال ٹیسٹ: شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، سری لنکا 222 رنز پر ڈھیر

گال: شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ میزبان سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے ساتھ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز چائے کے وقفے سے قبل 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جب کہ جواب میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 24 بنالیے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے 76 اور لوئر آرڈر میں مہیش تھیکشنا 38 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 222 رنز تک پہنچایا۔
لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشادا فرنانڈو 35، کوشل مینڈس 21، اینجلیو میتھیوز صفر، دھننجایا ڈی سلوا 14 اور نروشن ڈکویلا 4، رمیش مینڈس 11 اور پربت جے سوریا 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2،2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے کوشش ہوگی پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل لگائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔
پہلے ٹیسٹ کی ٹیم میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کھیل رہے ہیں۔
سلمان علی آغا نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے ٹیسٹ کیپ حاصل کی، کرکٹر کو مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔