پاک سعودیہ تعلقات ہمیشہ اچھے رہیں گے، شاہ محمود قریشی

بیجنگ: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے اور اچھے رہیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کا اسرائیل کے معاملے پر دوٹوک مؤقف ہے جو تاریخی ہے جب کہ سعودیہ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے ہیں اوران شاء اللہ اچھے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی، پاکستان اور چین دنیا کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کے خواہش مند ہیں، اقتصادی راہداری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوگی۔ سی پیک کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا اور چین و پاکستان جانتے ہیں کہ خطے میں اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے بہادروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ کشمیر کی صورت حال پاکستان اور چین دونوں کے لیے اہمیت کی حامل ہے، گزشتہ ایک سال میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ہے وہ سب کے علم میں ہے، چین کے ہم شکرگزار ہیں کہ ان کے تعاون سے ہم 55 سال کے بعد تین دفعہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں زیر بحث لانے میں کامیاب رہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔